لاہور( اپنے نامہ نگار سے) قومی احتساب بیورو ( نیب) لاہور نے سال2020ء میں اربوں روپے مالیت پر مشتمل 38 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے اور کرپٹ عناصر سے 5 ارب 60 کروڑ کی براہ راست ریکوری کی۔ جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2020 کے دوران نیب لاہور کو 5023 شکایات موصول ہوئیں جبکہ بیک لاگ عبور کرتے ہوئے کل 9024 شکایات پر عمل درآمد کیا گیا۔ ماضی کے 16 سالہ دور میں دائر ریفرنسز کی مالیت اور موجودہ قیادت کے 3 سالہ دور میں دائر ریفرنسز کی مالیت میں 286 گنا سالانہ اضافہ ہوا۔ احتساب عدالتوں نے 100 ریفرنسز پر فیصلے دئیے جبکہ سال 2019 میں کل 38 ریفرنسز پر فیصلے ہوئے۔2019 میں نیب لاہور کا ملزمان کو سزائیں دلوانے کا تناسب70 فیصد رہا جبکہ سال 2020 میں نیب لاہور کا سزائیں دلوانے کا تناسب 78 فیصد تک بڑھ گیا۔ لاہور کی احتساب عدالتوں میں فی الوقت 187 ریفرنسز پر ٹرائل جاری ہے۔ گزشتہ 3 سالوں کے دوران ماضی کے 17 سالوں کی نسبت ریکوری میں 280 فیصد سالانہ اضافہ ہوا،گزشتہ سال کرپٹ عناصر سے 5 ارب 60 کروڑ کی براہ راست ریکوری کی گئی۔بالواسطہ ریکوری کی مد میں 23 ارب 42 کروڑ 10 لاکھ برآمد کروائے گئے،بالواسطہ ریکوری کے طور پر وصولیوں میں ماضی کے 17 سالہ دور (2016-1999) کی نسبت 945 فیصد سالانہ اضافہ ہوا۔نیب لاہور میں فی الوقت کل 575 شکایات پر ضروری کارروائی جاری ہے۔ 2020 کے دوران نیب کمپلینٹ سیل کی جانب سے 148 شکایات پر تحقیقات کی منظوری دی گئی جبکہ اس دوران 159 شکایات پر تحقیقات کو مکمل کر لیا گیا۔ نیب لاہور کا کمپلینٹ سیل میں 125 شکایات کی تحقیقات جاری ہے۔ ریجنل بورڈ کی منظوری سے 2020 میں 26 انکوائریاں انویسٹی گیشن کے مراحل میں داخل کر دی گئیں، نیب لاہور میں سال 2020 کے اختتام تک کل 163 انکوائریوں پر تحقیقات جاری ہیں۔ 26 انویسٹی گیشنز کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔
2020ء: نیب لاہور نے 38 ریفرنس دائر کئے‘ 5 ارب 60 کروڑ کی ریکوری
Jan 02, 2021