اسلام آباد(نیوزرپورٹر)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے میں شریک حریت رہنمائوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت نہتے کشمیریوں کی کشی میں مصروف ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوںکی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیرمیں غیر کشمیریوںکو ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ جاری کرکے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے تاہم کشمیری عوام بھارت کو اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ حریت قائدین نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقبوضہ جموںوکشمیر میں حالیہ دنوں کشمیری نوجوانوں کے قتل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری ایک عظیم مقصد کیلئے قربانیاںدے رہے ہیں اور اس وقت پوری دنیا میں کشمیریوں پر بھارتی ظلم و تشدد کی مذمت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی کی قیادت میں بھارت کی انتہا پسند حکومت نے علاقائی امن کو دائو پر لگادیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت عالمی برادری کی تشویش کو نظرانداز اور مقبوضہ جموںوکشمیر کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرکے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوںکو غیر موثر کرنا چاہتا ہے ۔ حریت قائدین نے کہاکہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری نوجوانوں کے مقروض ہیں اور بھارت ان اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ان کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو طاقت کے بل پر دبانے کی مکروہ پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ حریت رہنمائوںنے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی ،کشمیریوںکو ہراساں اور ان پرجاری ظلم و تشدد کا سلسلہ بند کرانے کے لئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوںکی وجہ سے مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر مرکزی حیثیت حاصل ہو ئی ہے ۔ مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے درج تھے ۔