جی ٹی اے عالمی مقابلہ ، ہما  عابد اور ایلیا پہلی دو پوزیشنزحا صل کرنے میں کامیاب 

 اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) عالمی شہرت یافتہ تعلیمی تربیتی ادارے گلوبل ٹرینرزاکیڈمی (جی ٹی اے) کے پلیٹ فارم پرہونے والے سٹوڈنٹ آف دی ائیر ایوارڈ 2020 کے عالمی مقابلہ جات میں ڈسٹرکٹ پبلک سکول و انٹر سائنس کالج بھکر کی طالبات ہما عابد اور ایلیا نے پہلی دو پوزیشنز حاصل کر کے پاکستان اور بالخصوص بھکر کا نام پوری دنیا میں روشن کر دیا- ان مقابلہ جات میں دنیا کے کئی ممالک کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا- یہ مقابلہ جات مسلسل سات دن تک جاری رھے اور دس مختلف ممالک کے قابل ترین  ججز نے دنیا بھر کے سینکڑوں طلبہ و طالبات کے انٹرویوز کئے- سرونگ سکولز اور لاہور چیمبر آف کامرس کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن کے چیئرمین میاں رضاالرحمان نے اس عالمی اعزاز پر ڈی سی بھکر سید موسی رضا، اے ڈی سی جی بھکر عباس رضا ناصر ، پرنسپل ادارہ نویدانجم، اساتذہ اور والدین کو خصوصی مبارکباد دی ہے اور پرنسپل ادارہ کی بھکر کے لئے خدمات کو سراہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن