اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے مستعفی ہونا معمولی چیز ہے، پیپلزپارٹی جانیں قربان کرنے والوں کی پارٹی ہے، پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی کے استعفے صدر آصف علی زرداری کے پاس ہیں وہ بہتر جانتے ہیں کہ استعفے کا آپشن کس وقت استعمال کیا جائے۔ ایک بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے آمر پرویز مشرف سے استعفیٰ لے کر انہیں ایوان صدر سے نکالا، عمران خان تو سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان کا استعفیٰ تیار ہے اور وہ بھی مشرف کی طرح ملک چھوڑ کر بھاگنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کابینہ میں سیاسی خانہ بدوش اور اے ٹی ایم شامل ہیں۔ سیاسی خانہ بدوش کی کوئی منزل نہیں ہوتی اور اے ٹی ایم ان کے ساتھ تب تک ہیں جب تک عمران خان مستعفی نہیں ہوتے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ روتے ہوئے منے کو بہلانے کے لئے وزراء پریس کانفرنسیں کر رہے ہیں مگر ان کی پریس کانفرنسوں سے سلیکٹڈ حکومت بچے گی نہیں۔