کراچی ( کامرس رپورٹر) بینک اسلامی پاکستان جو ملک کے 114 سے زائد شہروں میں 335 سے زائد شاکوں کے ساتھ صف اول کا بینک ہے، نے پاکستان مورگیج ری فائنانس کمپنی (پی ایم آر سی) کے ساتھ کم آمدن والی ہائوسنگ فائنانس میں رسک کور حاصل کرنے کے لئے ماسٹر کریڈٹ گارنٹی کے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔ پاکستان مورگیج ری فائنانس کمپنی ایک مورگیج لیکویڈیٹی فیسلٹی کے طور پر قائم کی گئی ہے جو بینکنگ سیکٹر میں طویل المدتی فنڈنگ میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور مناسب فائنانسنگ کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہی ہے۔ دو معروف اداروں کے مابین معاہدے سے بینک اسلامی اور پاکستان مورگیج ری فائنانس کمپنی نے پاکستان میں ہائوسنگ فائنانس کو باہمی طور پر بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ رسک کور بینک اسلامی اور پاکستان مورگیج ری فائنانس کمپنی لمیٹڈ کو پاکستان میں گھروں کے نئے مالکان کو سستی ہائوسنگ فائنانس فراہم کرے گی اور بینک کو کریڈٹ رسک کے خاتمہ میں مدد فراہم کرے گی اور آبادی کے کم آمدن والے طبقات کو سستی مورگیج سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ یہ دس سالہ کریڈٹ گارنٹی سکیم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے لیکویڈ سیکورٹی کے زمرے میں ہوگی اور یہ بینک اسلامی کو ہائوسنگ فائنانس کی مد میں 40 فیصد تک رسک کوریج فراہم کرے گی۔ یہ اقدام وزیراعظم اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے ملک میں ہائوسنگ کے لئے فائنانسنگ کو زیادہ افراد تک پہنچانے اور اسے آسان بنانے کے ضمن میں کیا گیا ہے۔ بینک اسلامی پاکستان کے صدر اور سی ای او سید عامر علی نے اس موقع پر کہا کہ بینک اسلامی لمیٹڈ گزشتہ 13 سالوں سے پاکستان میں گھر مالکان کو سہولیات فراہم کر رہا ہے اور اس نے اپنے آپ کو ہائوسنگ فائنانس صنعت میں ایک اہم ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔ اب ہم آبادی کے تمام افراد میں اسلامی ہائوسنگ فائنانس کو فروغ دینے کے لئے پی ایم آر سی کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یہ معاہدہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے منصوبوں کا احاطہ کرے گا اور یہ نجی منصوبوں اور پانچ اور دس مرلہ کے سنگل ہائوس/یونٹ پر بھی لاگو ہوگا۔ بینک اسلامی پاکستان نے صارفین کو ان کی مورگیج فائنانس کی تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ملک گیر آپریشنز شروع کر رکھے ہیں۔
بینک اسلامی کا پاکستان مورگیج ری فائنانس کمپنی کے ساتھ معاہدہ
Jan 02, 2021