لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) لاڑکانہ شہر اور گرد و نواح سے لاپتہ ہونے والے بچوں کو تلاش کرکے ان کے والدین کے حوالے کرنے اور یتیم افراد کو اپنے یتیم خانے میں پناہ دینے والے سماجی تنظیم خدمت معصوم ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ حاجی انور علی کھوکھر نے سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2020 کے دوران مجموعی طور پر لاڑکانہ اور گرد و نواح سے 505 بچے لاپتہ ہوئے جنہیں تلاش کرکے ان کے ورثاء کے حوالے کردیا گیا، جن میں سے ماہ جنوری میں 36 بچے، فروری میں 45، مارچ میں 43، اپریل میں 41، مئی میں 50، جون میں 43، جولائی میں 42، اگست میں 49، ستمبر میں 45، اکتوبر میں 40، نومبر میں 40 اور دسمبر میں 30 لاپتہ بچے شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ اسی سال 2 ضعیف خواتین کو اپنے ورثائے کے حوالے کیا گیا جبکہ ایک ضعیف خاتون سینٹر میں فوت ہوئیں جس کی تدفین ابوبکر قبرستان میں کی گئی، 14 خواتین کے مسائل حل کرکے انہیں ورثائے کے حوالے کیا گیا، ایک بیواہ کو چار بچوں سمیت سینٹر میں پناہ دینے کے بعد انہیں 15 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھیں جبکہ نوزائدہ بچوں کو کچرہ کنڈے اور گندے نالوں میں پھینکنے کے بجائے ہمارے سینٹر میں لائیں تاکہ ان کی بہتر پرورش کی جائے۔