پاکستان ہر مذہب سے تعلق رکھنے والوں کیلئے محفوظ ملک


تجزیہ: محمد اکرم چودھری
پاکستان ہر مذہب سے تعلق رکھنے والوں کے لیے محفوظ ملک کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ پاکستان کی معتدل مزاجی، کشادگی اور ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو مکمل مذہبی آزادی کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے۔ اقلیتی حقوق گروپ انٹرنیشنل (ایم آر جی) کے مطابق کرتار پور راہداری کھولنا مذاہب کے درمیان امن اور احترام کی علامت ہے اور یہ اقدام قابلِ تعریف ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کہتے ہیں کہ کرتارپور کوریڈور کا افتتاح پاکستان کی طرف سے امن کی خواہش کی عملی مثال ہے۔ پاکستان ایک معتدل اور روادار معاشرہ ہے اور دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کا گرمجوشی سے خیر مقدم کرتا ہے۔ پاکستان سیاحوں اور خاص طور پر روحانی/مذہبی سیاحت کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔ سیاحوں کے لیے دیگر مذاہب کے قدیم اور تاریخی مذہبی مقامات ہیں اور حکومت پاکستان ان کے تحفظ کے لیے پر عزم اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ پاکستانی عوام سیاحوں کے لیے دوستانہ ہیں اور حکومت غیر ملکی سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مکمل تعاون کرتی ہے۔ پاکستان مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو سہولیات فراہم کرکے خطے میں مذہبی رواداری کے جذبات کو فروغ دے رہا ہے۔ پاکستان نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو  مذہبی ذمہ داریاں ادا کرنے کی اجازت دینے کے لیے ملک میں مختلف مذہبی مقامات کھولے ہیں۔ پاکستان جنوبی ایشیا کا واحد ملک ہے جہاں اقلیتیں محفوظ اور پرامن طریقے سے رہ رہی ہیں۔ خطے میں بعض حلقے ایسے ہیں جنہوں نے اقلیتوں کے معاملے پر جان بوجھ کر اور مسلسل پاکستان کو بد نام کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان اقلیتوں کے لیے مذہبی اور بین المذاہب ہم آہنگی کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ پاکستان کے بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے مسلسل اقدامات کے بعد عالمی برادری اور تنظیمیں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کر رہی ہیں۔ مذہبی سیاحت/ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اپنے سفارتی عزم کا احترام کرنے کی پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان میں ہندوؤں اور سکھوں کے مذہبی مقامات کو کھولنے کے بعد بھارت میں یہ تاثر زور پکڑ رہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے ان اقدامات کا مثبت جواب کیسے دیا جائے۔ خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی کاوشیں غیر مشروط ہیں۔ پاکستان خطے میں امن قائم کرنے کے لیے پرعزم اور ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔

ای پیپر دی نیشن