لاہور (خصوصی نامہ نگار )ایرانی خانہ فرہنگ لاہور میں ایرانی سکالر وسربراہ عالمی کونسل برائے تقریب مذاہب اسلامی آیت اللہ ڈاکٹرحمید شہریاری سے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈا کٹرراغب حسین نعیمی نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے عالم اسلام کو درپیش معاشی وسیاسی چیلنجز ،تکفیری کلچر اورانتہاء پسندی سمیت دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر ایرانی سکالر کی طرف سے علامہ ڈاکٹرراغب نعیمی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی اورایران میں ہونیوالے عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔ آیت اللہ شہریاری نے کہا کہ مسلمانوںکو جہالت وغربت ختم کرنے کی ضرورت ہے۔اغیار زیادہ مکارہونے کی وجہ سے سادہ لوح مسلمانوں کو اپنے جال میں پھنسارہے ہیں۔فرقہ وارانہ اورانتہاء پسندانہ سوچ کوختم کرنے کیلئے علاقائی اورعالمی سطح پر ملکر کام کرناہوگا۔ مسلم معاشروں میں تعلیم اور غربت دور کرنے کیلئے سب سے کم توجہ دی گئی جوہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈا کٹرراغب حسین نعیمی نے کہاکہ تکفیر ی سوچ نے مسلم معاشروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ مختلف مسالک ومذاہب دین اسلام کامظاہر ہیں ہمیں ایک دوسرے کی شناخت اوروجود کوتسلیم کرناہوگا۔شرح خواندگی میں اضافہ سے معیشت میں استحکام آئے گا۔علم ہی غربت ختم کرکے قوم کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر لالچ جیسی بْری بلا سے بچا سکتی ہے۔علاوہ اازیں عالمی ادارہ تقریب مذاہب ِ اسلامی ایران کے نمائندہ وفد نے داتا دربار حاضری دی اور مزار شریف پر چادر کا نذرانہ پیش کیا۔اس موقع پر ہجویری ہال داتا دربار میں علمائ، سکالرز اور مذہبی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور وفد کے سربراہ ڈاکٹر حمید شہر یاری سیکرٹری جنرل عالمی ادارہ نے کہا کہ اْمّتِ مسلمہ کا عروج باہمی اتحاد میں مضمرہے ،اسلامی دنیا کوعلمی و تحقیقی روّیوں کی ترویج پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وفد کو کشف المحجوب سمیت دیگر اوقاف مطبوعات پیش کی گئیں۔