گھریلو حالات جہلم میں قیامت ماں نے 3بیٹیاں ماردیں خود سوزی کی کوشش

کھیوڑہ (نامہ نگار + آئی این پی) تحصیل پنڈ دادنخان کے نواحی علاقہ ہرنپور میں سنگدل ماں نے اپنے ہی ہاتھوں اپنی تین معصوم بیٹیوں کے گلے کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور بعد میں خود کو بھی زخمی کر کے گھرکو آگ لگانے کی کوشش کی۔ افسوسناک واقع کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور ڈی ایس پی پنڈدادنخان سلیم خٹک اور ایس ایچ او پنڈدادنخان رانا لطیف پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمی ہونے والی یاسمین نامی عورت کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا۔ جہاں سے اسے جہلم ریفر کر دیا گیا۔ ابتدائی طور پر سامنے آنے والے واقعات کے مطابق یاسمین کا اپنے خاوند فیض احمد سے گزشتہ شب معمولی بات پر جھگڑا ہوا جس کے بعد فیض احمد صبح اپنی ماں کے گھر سے ناشتہ کر کے مزدوری پر چلا گیا اور بعد میں یاسمین نے 6 سالہ زویا، 4 سالہ فائزہ اور 2 سالہ جنت کو چھری کے وار کرکے قتل کر دیا۔ تینوں بچیوں کی ڈیڈ باڈی کو پوسٹ مارٹم کے بعد ہمدم ویلفیئر سوسائٹی کسلیاں کی مدد سے نواحی گائوں ہرن پور منتقل کر دیا گیا۔ تحصیل پنڈدادنخان میں اپنی نوعیت کے پہلے افسوس ناک واقعہ کے بعد فضا سوگوار ہے۔ خاتون کے لواحقین کا کہنا ہے کہ فیض احمد یاسمین کو خرچہ نہیں دیتا تھا اور مارتا پٹنا بھی تھا۔ وقوعہ کے روز بھی خرچہ مانگنے پر لڑائی ہوئی اور فیض نے یاسمین کو مارا اور گھر کے باہر تالا لگا کر اسے بند کر گیا جس کے باعث یہ مسئلہ پیدا ہوا۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جہلم کی  فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ آئی این پی کے مطابق گھریلو حالات‘ مہنگائی و بے روزگاری واردات کا باعث بنے۔ 
بیٹیاں قتل

ای پیپر دی نیشن