لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے آرچ بشپ لاہور سباسٹین فرانسس شا نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور نئے سال کا کیک کاٹا۔ وفد میں فادر مشتاق پیارا، سسٹر ٹریسا یعقوب، سسٹر کلیئر یوسف اور عاشر جاوید شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں ہم برابر کے شریک ہیں کیونکہ پاکستان کی تعلیم و ترقی میں ان کا بڑا اہم کردار ہے، مسیحی برادری کی وطن سے محبت ناقابل فراموش ہے۔ آرچ بشپ لاہور سباسٹین فرانسس شا نے پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ آپ نے پہلی بار اقلیتوں کیلئے علیحدہ وزارت قائم کی، تمام مسیحی اداروں اور املاک کو واپس کیا، چرچوں کی بحالی و مرمت کیلئے فنڈز بجٹ میں مختص کئے۔ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیئے جس پر تمام اقلیتی برادری آپ کی احسان مند ہے۔ دریں اثناء پرویز الٰہی نے ن لیگی ایم پی اے بلال یٰسین پر قاتلانہ حملے کی بھرپور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی گھنائونی حرکت کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لا کر فوری قرار واقعی سزا دی جائے۔
پرویزالٰہی