کراچی میں ٹریفک بے ہنگم‘ ایک شخص جاں بحق‘ بس نذرآتش

کراچی(نیوز رپورٹر) پاورہاؤس چورنگی پر بس کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، جس کے بعد مشتعل افراد نے بس کوآگ لگادی اور ڈرائیورکو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک کا افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں پاورہاس چورنگی پر بس کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، اس موقع پر مشتعل افراد نے بس کوآگ لگادی ، جس کے بعد فائربریگیڈ طلب کرلی گئی۔ مشتعل افراد نے ڈرائیور کوپکڑکرپولیس کے حوالے کردیا تاہم بس کے اندر آگ لگنے کے بعد دھماکے سے خوف وہراس پھیلا گیا۔ پاور ہاؤس پر ٹریفک حادثے کے حوالے سے عینی شاہد نے بتایا کہ بس ڈرائیور بہت تیزرفتاری سے آرہاتھا، ٹوکن کے لیے پہنچنے کیلئے ڈرائیورتیز رفتاری کرتے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس بس ڈرائیوروں کو روکنے کے بجائے رشوت لیکر چھوڑ دیتی ہے۔  ادھر کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن فوڈ سینٹر کے قریب تیز رفتار سرکاری گاڑی کار پر چڑھ گئی۔پولیس کے مطابق سندھ حکومت کے محکمہ کول انرجی ڈیولپمنٹ کی سرکاری فارچونر گاڑی نمبر GS 8254 بلاول ہاؤس چورنگی سے تیز رفتاری کے ساتھ رواں تھی کہ  نذیر پارک کے سگنل کے قریب گاڑی ڈرائیور یار محمد سے بے قابو ہو کر کار پر چڑھ گئی۔ حادثے کے بعددرجنوں  افراد موقع پر جمع ہوگئے اور گاڑی میں پھنسے افراد کو نکالا، حادثے میں ایک شخص معمولی زخمی ہوا، جس نے اسپتال جانے سے انکار کردیا۔ موقع پر جمع ہونے والے افراد نے جیب کو گاڑی کے اوپر سے اتارا، تاہم  دونوں گاڑیوں کو کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا۔ پولیس کے مطابق پرائیویٹ کار کے مالک ڈاکٹر راجیش نے کوئی کارروائی کرنے سے انکار کیا ہے، دونوں گاڑیوں کے مالکان کے مابین موقع پر ہی تصفیہ ہوگیا اور وہ اپنی اپنی گاڑیاں لے کر چلے گئے۔

کراچی بس نذرآتش

ای پیپر دی نیشن