بلال یٰسین پر حملہ کرنے والے اجرتی قاتل تھے: پولیس  

Jan 02, 2022

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ)  بلال یاسین حملہ کیس میں اہم پیش رفت ہو گئی اور پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور اجرتی قاتل تھے۔ پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر حملہ کرنے والے اجرتی قاتل تھے‘ تاہم حملہ کس نے اور کیوں کروایا‘ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے لاہور کے ٹاپ شوٹرز کی فہرستیں مرتب کر لی ہیں اور ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفتیشی ٹیمیں تاحال سراغ نہیں لگا سکی ہیں کہ حملہ کس نے اور کیوں کرایا۔  علاوہ ازیں بلال یٰسین نے حملہ آوروں کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے پولیس کو درخواست دیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق کونسلر میاں اکرم کو ملنے موہنی روڈ آیا تھا۔ ان کے گھر کے باہر بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل پر حملہ آور آئے جنہوں نے جینز کی پینٹ اور جیکٹس پہن رکھیں تھیں‘ انہوں نے موٹرسائیکل سے اتر کر جان سے مارنے کیلئے فائرنگ کر دی۔ ایک فائر پیٹ اور دوسرا بائیں ٹانگ پر لگا تو میں گر گیا۔
بلال یٰسین حملہ

مزیدخبریں