الحمراء اوپن ائیر،کلچر ل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں صوفیانہ کلام پر مبنی محفل 

Jan 02, 2023


لاہور (کلچرل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے زیر اہتمام الحمراء اوپن ائیر،کلچر ل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں صوفیانہ کلام پر مبنی پْروقار محفل کا انعقاد کیا گیا۔نائٹ آف صوفی میوزک میں نامور گلوکار سائیں ظہور اور نامور گلوکارہ تحسین سکینہ نے صوفیانہ کلام پیش کئے۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے صوفی میوزک کی ترویج وترقی کے لئے اس اقدامات کو اہم قرار دیتے ہوئے اپنے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

ذوالفقار علی زلفی نے کہا کہ ہماری دھرتی صوفیوں کی سرزمین ہے، ہماری روایات میں صوفی رنگ جھلکتا ہے، معاشرہ کے حسن و وقار میں اضافہ کے لئے صوفیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا جاتا ہے۔پروگرام کے آغاز میں نامور صوفی سکالر سروت محی الدین نے اس خطے میں صوفیوں کے سوچ وافکار روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فرد سماج کی زندگی کو خوبصورت بنانے میں اس دھرتی کے عظیم صوفیوں نے اہم کردار اداکیا۔ پروگرام کا آغاز سازندوں نے اپنے فن سے کیا۔ملک کی نامور گلوکارہ تحسین سکینہ جب اسٹیج پر تشریف لائیں تو حاضرین محفل نے انکا تالیوں سے استقبال کیا اور انہوں نے بھی شائقین محفل کا شکریہ ادا کیا اور مختلف صوفیانہ کلام گائے،ان کی پرفارمنس پر سردی کے موسم میں حاضرین لطف و سرور کی کیفیت میں رہے۔بعدا زاں نائٹ آف صوفی میوزک میں فوک میں اپنا منفرد مقام و مرتبہ رکھنے والے گائیک سائیں ظہور نے بابا بلھے شاہ کے کلام سے اپنے فن کا آغاز کیا،ان کے ساتھ نومود فنکار بھی پرفارم کرتا رہا جو خاصی توجہ کا مرکز رہا۔محفل میں بیٹھے حاضرین نے اس تقریب کے انعقاد پر لاہور آرٹس کونسل الحمراء کا شکریہ ادا کیا کہ اس ادارہ نے سال 2022کے اختتام پر ایسی یادگار شام کا انعقاد کر کے ان کے دل جیت لیے یہ محفل ان کو تادیر یاد رہے گی۔الحمراء اپنے مشن بھی نئے سال میں بھرپور جوش و خروش نے پروگرام پیش کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں