لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سودی نظام کی وجہ سے ملک میں غربت و معاشی بدحالی ہے۔ ملک اس وقت سیاسی، معاشی، اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ ہوگیا ہے۔ حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے آج سندھ تباہی کے دہانے پر ہے۔ غربت و مہنگائی کے خلاف کراچی سے اسلام آباد مارچ کرنے والے بلاول بھٹو سندھ کی بدحالی، غربت و بے روزگاری پر کیوں خاموش ہیں۔کرپشن فری اسلامی پاکستان کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی بے روزگار نوجوانوں اور بزرگوں کو الاؤنس دے گی۔ غریب ہاریوں میں زمین تقسیم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقصیٰ گراؤنڈ بدین میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غربت، مہنگائی بے روزگاری، سودی نظام کے خلاف عوامی جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ قبل ازیں ڈی سی چوک پر امیر جماعت اسلامی کا پر تپاک استقبال کیا گیا جہاں سے گاڑیوں کے جلوس کی شکل میں ان کو جلسہ گاہ لایا گیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، محمد حسین محنتی، سید علی مردان شاہ، پیر غلام مجدد سرہندی، مولانا عبد الحفیظ بجارانی، عبدالقدوس احمدانی، مولانا آفتاب ملک نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ جے آئی یوتھ سندھ کے صدر ڈاکٹر امتیاز پالاری اور سراج الحق نے مزید کہا 2023ء کا آغازسندھ کے مظلوم عوام کیلئے غربت، بے روزگاری اور مہنگائی سے نجات کی تحریک میں شامل ہونے کا پیغام لایا ہے۔ سیلاب زدگان کی امداد کا پیسہ کھانے والے حکمرانوں سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جلسہ میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی جبکہ جے آئی یوتھ نے سکیورٹی کے انتظامات کئے تھے۔ وقت نے ثابت کیا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ میں کوئی فرق نہیں، سب نا اہل وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی جماعتیں ہیں جو مل کر پاکستان کو لوٹ رہی ہیں۔ 2022ء میں حکمرانوں نے غربت، بے روزگاری، مہنگائی، بدامنی و محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اس لیے 2023ء میں عوام اس عزم کا اظہار کریں کہ وہ پاکستان کو امن خوشحال و اسلامی پاکستان بنانے کے لیے اہل و دیانتدار قیادت کو منتخب کریں۔
سیلاب زدگان کی امداد کھانے والے حکمرانوں سے نجات‘ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں: سراج الحق
Jan 02, 2023