اولیائے کرام کی تعلیمات انسانیت کی فلاح و بہبود پر مشتمل ہیں،نقیب الرحمن

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے )دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے خانقاہی نظام کا یہ خاصا رہا ہے اس سے منسلک اور رجوع کرنے والی مخلوقِ خدا کے دلوں کو نورِ عشقِ مصطفی ؐسے منور کر کے ایک ایسے مہذب اور اعلیٰ اخلاق سے مزین معاشرے کو پروان چڑھایا جائے جہاں احترامِ آدمیت، حسنِ اخلاق، رواداری، اخوت و محبت اورایک دوسرے کے دکھ درد میں کام آنے کے جذبات سے بھر پور انسانی کردار کی ایسی نشو نما کی جائے کہ حقیقی کامیابی بندگانِ خدا کا مقدر بن جائے۔ تمام فرامینِ الہیٰ و نبویؐ اور اولیائے کرام کی تعلیمات انسانیت کی فلاح و بہبود پر مشتمل ہیں۔ یہ زندگی اللہ تعالیٰ نے ہمیں صرف اور صرف اس لئے دی ہے کہ ہم اس کی عبات و بندگی کر کے ربِ رحمن کی رضا کو پا لیں۔ ہمارے وجود کا ہر عضو اسی صورت ہمارے لئے باعثِ نجات ہو گا جب ہم اسے شریعتِ مطہرہ کے تابع استعمال کریں۔ نئے عیسوی سال کے آغاز پر ہم خلوصِ نیت سے ارادہ اور کوشش کریں ہماری ذات کسی صورت بھی بد اخلاقی، منافقت و ریا کاری، مخاصمت و کینہ پروری اور دوسروں کی عزت پامال کرنے کا باعث نہ بنے۔ یہ رذائلِ اخلاق ہمارے معاشرے میں زہر گھول رہے ہیں جو ہماری آنے والی نسلوں کے اخلاق کو تباہ کر رہا ہے۔ ان سب کے آگے بند باندھنے کے لئے ہمارے پاس بہترین ذریعہ قرآنِ کریم و احادیثِ مبارکہ ہیں جو زندگی کے ہر پہلو پر ہماری بہترین رہنمائی کرتے ہیں۔ آج بروز سوموار عید گاہ شریف کے بزرگانِ دین میں الحاج الحافظ حضرت پیر محمد عبد الرحمن المعروف قبلہ عالم ثانیؐ کا سالانہ عرس نہایت عقیدت و احترام سے عید گاہ شریف میں انعقاد پذیر ہو گا ،ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے عیدگاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا، اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے آنے والے نئے شمسی سال کے حوالے سے دعاء کی۔

ای پیپر دی نیشن