لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں 2022ء کے شہدائے پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر شہادتوں کے باوجود پنجاب پولیس کا مورال بلند ہے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس فورس مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ لاہور پولیس کے شہداء میں ایک اے ایس آئی، 3 کانسٹیبلز اور ایک ٹریفک اسسٹنٹ شامل ہیں۔ شیخوپورہ اور ننکانہ پولیس کے 2 ،2 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ بھکر میں ایک انسپکٹر، نارووال اور پاکپتن میں ایک ایک سب انسپکٹر جبکہ چنیوٹ میں اے ایس آئی رینک کے آفیسر شہید ہوئے منڈی بہائوالدین، فیصل آباد، سیالکوٹ، جہلم، رحیم یار خان، خانیوال اور اوکاڑہ میں بھی فی کس ایک پولیس اہلکار نے جام شہادت نوش کیا۔ پنجاب پولیس کے مجموعی طور پر 1590 افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں۔ 2022ء کے شہداء میں سے 9 شہداء کی فیملیز کیلئے 137.50 ملین روپے جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ باقی شہداء کے ویلفیئر کیسز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ زخمی ہونیوالے 10 غازیوں کو 43 لاکھ روپے کی رقم ادا کر دی گئی ہے۔عامر ذوالفقار خان نے پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرض کی راہ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس کے بہادر جوان ہمارے قومی ہیروز ہیں۔
جن کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رہیں گے۔
پنجاب پولیس امن و امان ،شہریوں کے تحفظ کیلئے مصروف عمل ہے :آئی جی
Jan 02, 2023