لاہور(نامہ نگار) ڈی آئی جی آپریشنزافضال احمد کوثر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس شہریوں کو آن لائن خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدام عمل میں لا رہی ہے۔ پولیس موبائل سمیت 9 خدمت مراکز شہریوں کو ایک ہی چھت تلے کریکٹر وویری فکیشن سرٹیفکیٹس، گمشدگی رپورٹ، تجدید ڈرائیونگ لائسنس سمیت 14اقسام کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔خدمت مراکز گلبرگ اور اقبال ٹاؤن شہریوں کوسہولیات کی فراہمی کیلئے صبح8بجے تارات 8 بجے تک کھلے ہیں۔ شہری اپنے علاقہ کے قریب ترین سینٹرکی سہولیات سے استفادہ کررہے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنزافضال احمد کوثر نے سالانہ رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس خدمت مراکز کے ذریعے2022 ء کے دوران مجموعی طور4لاکھ11ہزار سے زائد شہریوں کوخدمات فراہم کی گئیں۔ گذشتہ سال میں مجموعی طور پر94ہزار941کریکٹر اور ویریفکیشن سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے۔ گلوبل پورٹل کے ذریعے 2109اوورسیزپاکستانیوں کو بھی کریکٹر سر ٹیفکیٹ جاری کئے گئے۔ گذشتہ سال کے دوران347شہریوں کا کرایہ داری اور 288 نجی ملازمین کا اندراج کیا گیا۔ 2548شہریوں کی گمشدگی رپورٹ،194 کرائم رپورٹس جبکہ 6869 شہریوں نے ایف آئی آرزکی نقول کی سہولت سے استفادہ کیا۔