بہاول پور (جنرل رپورٹر) جماعت اہل سنت پاکستان ضلع بہاولپور کے مرکزی دفتر جامعہ غوثیہ سعیدیہ خضری مسجد ماڈل ٹاؤن بی بہاولپور میں عظمت صحابہ کانفرنس سے ضلعی امیر جماعت اہل سنت علامہ مفتی محمد جاوید مصطفی سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی منظور کردہ قرارداد کے مطابق رواں سال 22 جمادی الثانی 15 جنوری کو یوم سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے۔جماعت اہل سنت ضلع بہاولپورکے سرپرست علامہ ڈاکٹر عبدالرزاق شائق نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ نے محبوب خدا کے وصال کے بعد پیغمبر خدا کی نیابت و خلافت کا حق ادا کر دیا اور خداداد صلاحیت اور بے مثال تدبر اور جرات اور استقامت سے منکرین ختم نبوت کیخلاف جہاد کر کے سفینہ اسلام کو ساحل مراد تک پہنچایا۔مفتی محمد شریف سعیدی نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ کے مسلمانوں پر بے شمار احسانات ہیں۔علامہ مولانا محمد جمیل قادری نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ افضل الخلق بعد الانبیاء ہیں۔جماعت اہل سنت کے ضلعی ناظم نشرواشاعت حافظ کوثر عباس نے کہا کہ صحابہ کرام سے محبت مومن کی پہچان ہے اور ان کی تعلیمات مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔کانفرنس میں جماعت اہل سنت پاکستان ضلع بہاولپور کے ضلعی عہدیداران اور مدرسے کے اساتذہ و طلباء اور کثیر عوام نے شرکت کی۔آخر میں ضلع امیر مفتی محمد جاوید مصطفی سعیدی نے کہا کہ جماعت اہل سنت ضلع بھر میں یکم جنوری سے 15 جنوری تک جانشین رسول سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالی عنہ کا یوم وفات شایان شان طریقے سے منائے گی۔