کابل(نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں فوجی ہوائی اڈے کے باہر زوردار دھماکا ہوا جس میں10 افراد جاں بحق اور8 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے دھماکے کی تصدیق کردی تاہم اس کی نوعیت نہیں بتائی۔عبدالنافی تکور نے بتایا کہ کابل ملٹری ایئرپورٹ کے باہر دھماکے میں ہمارے متعدد بے گناہ عام شہری شہید اور زخمی ہوئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسیکیو ادارے اور سیکیورٹی فورسز پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر علاقے کو سیل کردیا، جبکہ تمام سڑکیں بند کردی گئیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا علی الصبح 8 بجے سخت حفاظتی انتظامات والے ہوائی اڈے کے احاطے میں فوجی ایریا میں ہوا۔امدادی کارکنوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مشتبہ افراد کی گرفتاری کیلیے علاقے میں سرچ ا?پریشن کیا جارہا ہے۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ تاحال کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔واضح رہے کہ افغانستان میں حال ہی میں داعش نے متعدد حملے کیے ہیں جن میں پاکستانی و روسی سفارت خانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ سابق افغان وزیراعظم کے دفتر پر بھی حملہ کیا گیا۔
کابل دھماکہ