اسلام آباد‘ بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ + خبر نگار + این این آئی) آسٹریلیا اور کینیڈا نے بھی چین سے آنے والے مسافروں کیلئے منفی کرونا ٹیسٹ دکھانے کی شرط عائد کردی۔ 5 جنوری سے آسٹریلیا اور کینیڈا آنے والے چین کے مسافروں کو کرونا کے منفی ٹیسٹ لازمی دکھانے ہوں گے۔ اس سے قبل امریکا، برطانیہ، فرانس سمیت کئی ممالک بھی اسی طرح کی پابندیاں عائد کرچکے ہیں۔ آسٹریلوی وزیرصحت کے مطابق مسافروں کو چین، مکائو، ہانگ کانگ سے روانگی کے 48 گھنٹوں کے اندر کرائے گئے کرونا کے منفی ٹیسٹ پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔ دوسری جانب کینیڈا کی حکومت نے کہا ہے کہ چین کے مسافروں کیلئے منفی کرونا ٹیسٹ دکھانے کا عارضی اقدام 30 دن تک جاری رہے گا اور یہ پابندی مکاؤ اور ہانگ کانگ سے آنے والے مسافروں پر بھی لاگو ہوگی۔ دوسری طرف چین میں کرونا کیسز میں اضافے کی صورتحال پر چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے ملک میں وبا پر قابو پانے کی کوششیں نئے دور میں داخل ہو رہی ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نئے سال کے آغاز پر چینی صدر شی جن پنگ نے پیغام میں کہا کہ چین نے کرونا کے خلاف جنگ میں غیرمعمولی مشکلات اور چیلنجز پر قابو پایا ہے۔ وبا سے بچاؤ کے لیے سب انتھک محنت کر رہے ہیں، وبا کے خلاف سخت محنت کا تسلسل اور ہمارا اتحاد ہی کامیابی کا ضامن ہے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 135 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے21افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح اس مدت میں کرونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 0.51فیصد رہی۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 19مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئے گئے کرونا ٹیسٹ میں کراچی میں 430ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 8افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا اور مثبت شرح1.85فیصد رہی ہے۔ گلگت میں251 ٹیسٹ میں سے ایک شخص کا ٹیسٹ مثبت اور شرح 0.40فیصد رہی۔ لاہور میں 803ٹیسٹ میں سے تین افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا اور شرح 0.37فیصد رہی۔ جبکہ پشاور میں 447ٹیسٹ میں سے ایک شخص کا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہاں پر شرح0.22فیصد رہی۔
کرونا
کرونا خدشات آسٹریلیا کینیڈا نے بھی چین سے آنیوالوں کیلئے ٹیسٹ کی شرط رکھ دی
Jan 02, 2023