اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے قانون میں ترامیم کا بل بغیر دستخط کے واپس بھیج دیا ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ’صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل 2022ء کو آئین کے آرٹیکل 75 کی شق (ون) (بی) کے تحت بغیر دستخط کے واپس کر دیا ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ہوگی۔ وفاقی حکومت کے عجلت میں اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں انتخابی عمل میں 2 بار تاخیر ہوئی، جو جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔ وفاقی حکومت کے مندرجہ ذیل غلط اقدامات کی وجہ سے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) میں انتخابات نہیں ہو سکے۔ نمبر ایک 50 یونین کونسلز کی حد بندی مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمشن آف پاکستان نے 31 جولائی 2022ء کو اسلام آباد میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا فیصلہ کیا، پولنگ کی تاریخ کے اعلان کے باوجود وفاقی حکومت نے یونین کونسلز کی تعداد 50 سے بڑھا کر 101 کر دی جس کے نتیجے میں انتخابات التوا کا شکار ہوئے۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ 101 یونین کونسلز کی حد بندی کے بعد الیکشن کمشن نے 31 دسمبر 2022ء کو آئی سی ٹی میں انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا، موجودہ بل کا سیکشن 2 آئی سی ٹی میں 125 یونین کونسلز کا ذکر کرتا ہے، اس لیے 31 دسمبر 2022ء کو ہونے والے انتخابات دوبارہ ملتوی کر دیے گئے۔ تیسری وجہ کے مطابق موجودہ بل کے سیکشن 3 کے مطابق انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کا طریقہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔
صدر/ بلدیاتی بل