خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد دوستوں میں اضافہ ملکی مفادات کا دفاع  کرنا جانتے ہیں : بلاول

Jan 02, 2023



اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے  قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ  وزارت خارجہ 2023ء کے دوران مختلف عالمی، علاقائی فورمز اور  ملٹی نیشنل  اداروں   کے ساتھ  دوطرفہ تعلقات کی وسعت اور استحکام کیلئے اقدامات کرے گی، ہماری اتحادی حکومت کی خارجہ پالیسی  کا بنیادی مقصد پاکستان کی دوستیوں میں اضافہ  ہے۔ ہم پاکستان کے مفادات کا دفاع  اور نمائندگی کرنا جانتے ہیں۔ کاپ کانفرنس کی میزبانی نہ صرف پاکستان  بلکہ ترقی پذیر ممالک کیلئے  بھی خوش آئند ہے،  پاکستان واحد ملک ہے جس نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کو قبل از وقت مکمل کیا۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ رواں سال  اقتصادی سفارتکاری  پر زور دیا جائے گا تاکہ  پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس  کی تجدید  ہو سکے  جس سے یورپی یونین کے ممالک کی منڈیوں تک  رسائی میں بہتری آئے  گی، یورپی یونین کو کی جانے والی قومی برآمدات میں  80  فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ہمارے سفارتکار، افسروں، وزارت خارجہ  کے حکام اور سفارتخانوں میں کام کرنے والے تمام افراد  دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ پاکستانیوں کے مسائل کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے اور ان کی بھرپور نمائندگی  کی جا سکے۔  ہماری اتحادی حکومت کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد پاکستان کے پرانے دوستوں  کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانا ہے، پاکستان پر  جب اور جہاں بھی الزام تراشی کی گئی اور  ملک کے بارے میں غلط الفاظ استعمال کئے گئے، ہم  نے ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دیئے۔  ہم اس قابل ہیں کہ جواب دے سکیں، اس کی تازہ مثال  ہے کہ  اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر جب بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کئے تو ہم نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں بھارت کو جواب دیا اور  اس کوآئینہ دکھایا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم پاکستان کے مفادات کا دفاع  اور نمائندگی کرنا جانتے ہیں اور پاکستان کی عوام کو بھرپور فائدہ پہنچانا جانتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے چین ، اقوام متحدہ، نیویارک، ترکی، سعودی عرب، خلیجی ممالک کے علاوہ مختلف ملکوں کے دورے کئے اور اسی طرح دفتر خارجہ بھی بہت سے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دے  رہا ہے جس میں یورپ، افریقی ممالک اور ہمسایہ ممالک شامل ہیں۔ دفتر خارجہ کی ٹیم نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے انتھک محنت کی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو استعمال کر کے اپنا کردار ادا کیا  اور  بعض ممالک کی پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی خواہش کو ناکام بنایا جس کے نتیجے میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی۔ پاکستان مستقبل میں عالمی، علاقائی   فورمز اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعلقات کی  وسعت  اور استحکام کے حوالہ سے اقدامات جاری رکھے گا۔
بلاول

مزیدخبریں