راولپنڈی(اکمل شہزاد سے)راولپنڈی میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ شروع ہو گیا، گلیوں محلوں میں پتنگوں کی فروخت بھی جاری ہے ، خونی کھیل سے روکنے کیلئے والدین اور انتظامیہ کو خصوصی اقدامات کرنے ہوں گے، ان خیالات کا اظہار نوائے وقت کے پتنگ بازی کے حوالے سے سروے میں محمد اخلاق، آفاق، سہیل، آذق اور جنید نے کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی ہے اور اسکی فروخت پر بھی حکومت کی جانب سے پابندی لگا رکھی ہے، انتظامیہ کو چاہیے کہ سب سے پہلے پتنگ تیار کرنے والے کارخانوں کو بند کرے اور اس کی تیاری کو مکمل طور پر روکا جائے اور دیگر شہروں سے لانے والے عناصر کیخلاف بھی قانون کارروائی عمل میں لائی جائے، شہریوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی پتنگ بازی اور ڈور گلے میں پھرنے کے واقعات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور کئی بچے اور جوان زخمی بھی ہوئے، ابھی سکولوں میں چھٹیوں کی وجہ سے آسمان پھر سے پتنگوں سے بھرا دکھائی دینے لگا ہے ، والدین کو بھی چاہیے کہ وہ بچوں کو اس خون اور خوفناک شوق کی تکمیل کی اجازت نہیں دیں، بچوں کو ڈور اور پتنگوں سے دور رکھنے کیلئے سختی کریں۔