کراچی ، تین بچوں کے باپ کی گلا کٹی نعش جھاڑیوں سے برآمد 

کراچی(این این آئی)شہرقائد کے علاقے شاہ لطیف ٹائون میں تین بچوں کے باپ کی گھر کے قریب سے گلا کٹی لاش ملی جبکہ  اورنگی ٹاون قصبہ کالونی میں گھریلو جھگڑے کے دوران چھوٹے بھائی نے طلاق یافتہ بڑی بہن کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹان کے علاقے سیکٹر17/A پاکستان کمپیوٹر یونیورسٹی کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی گلا کٹی لاش ملی جسے پولیس نے تھانے منتقل کیا۔ذرائع کے مطابق مقتول کی جیب سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جاسکے تاہم جیب سے ایک شخص کے متعدد وزٹنگ کارڈ ملنے پر پولیس نے اس شخص سے موبائل فون پر رابطہ کیا جس پر وہ شخص فوری طور پر شاہ لطیف تھانے پہنچ گیا اور مقتول کو25 سالہ آصف علی ولد محمد سلیم کے نام سے شناخت کرلیا۔مقتول ٹریکٹر چلانے کا کام کرتا تھا جبکہ وہ شاہ لطیف ٹاون بھینس کالونی یوسف عرفانی گوٹھ کا رہائشی تھا ، پولیس کی جانب سے اطلاع ملنے پر مقتول کے چچا سسر یاسین اور بھائی عاقب علی بھی موقع پر پہنچ گئے۔عاقب نے بتایا کہ آصف علی تین بچوں کا باپ تھا، آبائی تعلق ضلع بدین سے تھا، ہفتے کی شب تقریبا 11 آصف اپنی اہلیہ کو گٹکا لینے جانے کا بول کر گھر سے نکلا تھا، صبح 5 بجے تک اس کی اہلیہ انتظار کرتی رہی جب وہ نہیں آیا تو گھر کے قریب رہائش پذیر اپنے چچا یاسین کے گھر گئی جہاں بتایا کہ اس کا شوہر پوری رات ہوگئی گھر نہیں آیا ابھی وہ لوگ باتیں کر رہے تھے کہ شاہ لطیف تھانے سے فون آگیا اس کے بعد وہ لوگ تھانے آگئے۔عاقب کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی کسی پر شبہ نہیں ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا موبائل فون تحویل میں لے لیا گیا، تحقیقات کی جا رہی ہیں بہت جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔دریں اثناشہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاون قصبہ کالونی میں گھریلو جھگڑے کے دوران چھوٹے بھائی نے طلاق یافتہ بڑی بہن کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔تفصیلات کے مطابق پیرآباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹائون قصبہ کالونی پراچہ قبرستان کے قریب گھر میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتولہ کی شناخت 35 سالہ رخسانہ دختر مرزا کے نام سے کی گئی۔اس حوالے سے ایس ایچ او پیرآباد مختیار پہنور نے بتایا کہ مقتولہ خاتون طلاق یافتہ تھی اورمقتولہ اپنے والدین کے گھر رہائش پذیر تھی اور مقتولہ خاتون کو گھریلو جھگڑے کے دوران اس کے چھوٹے بھائی رشید ولد مرزا جان نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔مقتولہ کو پیٹ میں گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی انھوں نے بتایا کہ واردات کے بعد ملزم رشید موقع پر سے فرار ہوگیا۔پولیس کومعلوم ہوا ہے کہ ملزم بڑی بہن کو قتل کرنے کے بعد پنجاب فرار ہوگیا ہے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مقتولہ کے قتل میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں کا اغاز کردیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن