اسلام آباد (وقار عباسی /وقائع نگار) وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے 13لوکل روٹس پر میٹرو بس سروس کے اجراء ایک مرتبہ پھرالتواء کا شکار ہو گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مجوزہ بس سروس کے لیے جاری ٹینڈرز تکنیکی بنیادوں پر غلط شائع کرنے پر منسوخ کردئیے ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف انکوائری شروع کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں، ذرائع کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) عثمان یونس نے اسلام آباد کے سیکٹورل ایریا زکے 13پبلک روٹس کے لیے چلائی جانے والی مجوزہ بس سروس کے ٹینڈرز میں غلطیوں کی نشاندہی کا نوٹس لیتے ہوئے بس سروس کے ٹینڈر ز منسوخ کردئیے ہیں اور معاملے کی جانکاری کے لیے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے اس ذریعے کے مطابق سی ڈی اے نے اسلام آباد کے 13پبلک روٹس پر جدید ترین بس سروس کا اجراء کرنا تھا تاکہ لوگوں کو سستی سفری سہولیات کی فراہمی کا یقینی بنایا جاسکے اس سروس کے لیے دو کمپنیوں نے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا تھا اور سی ڈی اے کو 321اور 366روپے فی کلومیٹر چارجز کی پیشکش کی ہے نجی کمپنیوں کو اسلام آباد شہر کے ان روٹس پر 150بسیں چلانی ہیں جس کے لیے جلد ہی بس سٹاپ اور فیئر کولیکشن پوائنٹس کی تنصیب بھی کی جانا ہے اس ذریعے کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا ہے کہ محکمہ کی جانب سے بسوں کے لیے جو ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں ان میں ایک ہی ٹینڈر ڈاکومنٹ میں ہائبرڈ اور سادہ گاڑیوں کی کوٹیشن طلب کی گئی تھیں جو تکنیکی اعتبار پر درست نہیں تسلیم کی گئی اس کی نشاندہی پر چیئرمین سی ڈی اے نے ٹینڈر ز منسوخ کرتے ہوئے اس معاملے کی انکوائری کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔واضح رہے کہ سی ڈی اے نے پولیس فاونڈیشن سے پی ڈبلیو ڈی سٹاپ، فیض احمد فیض سے سیکٹر آئی8علامہ اقبال سٹیشن سے پمز ہسپتال، سیکٹر ڈی 12سے جی 10سیکٹر ایف الیون سے سیکٹر ایف 10سیکٹر ایف 8سے سیکٹر جی 11، آبپارہ سے ترامڑی چوک، نیلو ر سے کھنہ پل، پیر ودھائی سے فیض آباد، سیکٹر بی 17سے 26نمبر چونگی اور سیکٹر آئی 16سے 26نمبر چونگی تک یہ بس سروس چلائی جانا ہے اس سروس کے اجراء کے بعد شہریوں کو اندرون شہر سفر کرنے کے لیے جدید سفری سہولیات میسر آنی ہیں۔
وفاقی دارالحکمومت کے 13لوکل روٹس پر میٹروبس سروس اجراء کا منصوبہ التواء کا شکار
Jan 02, 2023