اسلام آباد(نا مہ نگار)جمعیت علما اہل حدیث پاکستان کے چیئرمین ومعروف سیاسی رہنما علامہ قاضی عبدالقدیرخاموش نے کہاہے کہ مہنگائی او ر بے روزگاری نے عوام کی کمرتوڑکررکھ دی ہے ،نااہل حکمر ان سیاسی دائوپیچ میں مصروف ہیں مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کے مسائل حکومت کی ترجیح میں ہی شامل نہیں ،سیاسی جماعتیں صرف اقتدارکے کھیل میں مصروف ہیں ملک کوجہاں بیرونی خطرات کاسامناہے وہاں مہنگائی اوربے روزگاری جیسے اندرونی خطرے کابھی سامناہے حکومت مہنگائی کے مارے عوام کے لیے بڑے ریلیف کااعلان کرے ورنہ عوان ان کادھڑن تختہ کردیں گے ہم دعاگوہیں کہ نیاسال عوام کے لیے خوشی کاپروانہ ثابت ہو ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پارٹی رہنمائوں سے ملاقات میں کیاملاقات کرنے والوں میں حاجی عبدالغفار سلفی ،علامہ عبدالخالق فرید ی ، حا جی محمدشفیق انصار ی ،حا جی محمدایوب ،حافظ عبدا لبا سط،انعام الرحمن ودیگرشامل تھے ۔علامہ قاضی عبدالقدیرخاموش نے کہاکہ نااہل حکمرانوں کو اپنی شاہ خرچیوں اور قومی خزانے پر مہنگے غیر ملکی دوروں سے فرصت ملے تو عوامی مشکلات پر دھیان دیں، آئے روز کی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔
تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ شدید مہنگائی سے متاثر ہو رہے ہیں۔ غریب گھرانوں کے چولہے سرد ہوتے جا رہے ہیں لیکن نااہل حکمرانوں کو اس عوامی اضطرابی کیفیت کا کوئی احساس نہیں ہے۔ ملکی معیشت ہچکولے کھا رہی ہے، سیاسی بحران اور دگرگوں معاشی صورتحال دن بدن ابتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دہشت گردی کے عفریت کو کنٹرول کرنے میں بھی ناکام نظر آتی ہے، افغان بارڈر کی مخدوش صورتحال اور سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گردی کی کارروائیاں ریاستی رٹ کی کمزوری کی غماز ہیں۔ ملک میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات کا ہونا انتہائی تشویشناک ہے، ہم قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی مکمل تائیدکرتے ہیں حکومت کو چاہیے کہ دہشت گردی کے ساتھ ساتھ مہنگائی اوربے روزگاری کے مسائل بھی حل کرے۔