ئنئے سال کو بولو ، ہائے!

2022 کا سورج ڈوبا اور2023ء  کے سورج نے اپنا سر اٹھایا۔ یہ روز کا معمول ہے ہم ہر روز یہ منظر دیکھتے ہیں۔ لیکن سال کے تین سو پینسٹھویں دن کا یہ  عام معمول خاص بن جاتا ہے۔ ہماری زندگی سے ایک سال کی کٹوتی ہوتی ہے لیکن پھر بھی ہم آنے والے سال کی خوشیاں مناتے ہیں۔نئے سال کے لیے نئی امیدیں باندھتے ہیں، دعائیں دیتے ہیں اور دعائیں لیتے ہیں۔ کوئی نہیں جانتا کہ آنے والا سال اس کے لیے کیا لارہا ہے۔ لیکن ہم یہ ضرور جانتے ہیں کہ و ہ گزرا سال ہمیں کیا دے گیا ہے اور کیا لے گیا ہے۔ہر سال ہم سے جو کچھ بھی چھن جاتا ہے ہم اس کی کسک، اس کا دکھ زندگی بھر محسوس کرتے ہیں۔ جن چیزوں پر ہمارا اختیار نہیں اس کی تو خیر رہے لیکن جو اچھی باتیں ہمارے بس میں ہیں ، وہ ہمیں ضرور کرنی چاہیئں۔ گزرے ہوئے سال کی ایک بیلنس شیٹ تو ضرور بننی چاہیئے اور پھر اسی کو سامنے رکھ کر نئے سال کی پلاننگ کرنی چاہیے ۔ کوشش  یہ ہو کہ یہ بیلنس شیٹ کبھی بھی بیلنس میں نہ آئے اور  اچھے  اعمال کی سائڈ ہمیشہ بھاری رہے۔ چھوٹی سی زندگی میں ہمارے لیے ہمارے رب نے کتنے برس رکھے ہیں ، یہ ہم نہیں جانتے لیکن پھر بھی ہم اپنوں کو ناراض کرتے ہیں، دوستوں کے دل دکھاتے ہیں اور خلق خدا کا درد محسوس نہیں کرتے۔ ایسا کیوں ہے؟ ہمارے دل اتنے سخت کیوں  ہو جاتے ہیں؟ ہم   آسانیاں کیوں  نہیں بانٹ سکتے؟ ہم اپنی انا  کو مار کیوں نہیں سکتے؟ کیا یہ واقعی اتنے مشکل کام ہیں؟ میری مانیں ،تو بالکل بھی نہیں۔ اس نئے سال میں یہ کر کے تو دیکھیے۔  زندگی کے اس سفر میں ہلکا پھلکا سامان لے کر چلیے۔ نفرت، شکایتیں، اور انا سب کو نکال باہر پھینکیں۔ اس نئے سال اپنے آپ سے وعدہ کیجیے کہ اپنے اچھے عمل کے بدلے میں کوئی توقع نہیں رکھیں گے۔ سب کچھ اللہ دے واسطے، اس نے ہی یہ زندگی عطا کی ہے نا، تو پھر سب کچھ اس کے لیے۔وعدہ کیجیے اپنے آپ سے کہ اپنے دل سے سارے شکوے ، شکائیتیں، چاہے جس سے بھی ہوں نکال باہر  کریں گے،    ماں باپ ، بہن بھائیوں ، دوستوں کی خبر رکھیں گے۔ مال سے، ہاتھ سے زبان سے کسی نہ کسی کا بھلا کرنے کی، کسی نہ کسی کی مدد کرنے کی کوشش ضرور کریں گے۔ یاد رکھیے کرما لوٹ کر آپ کے پاس ضرور آئے گا۔ بھلا کیجیے، بھلا ہوگا۔ آسانیاں بانٹیے، آپ کی زندگی میں سکون خودبخود در آئے گا۔  تو بس پرانے سال کو  بولو بائے اور نئے سال کو بولو ہائے۔ پوری تیاری کے ساتھ، نئے ارادے، نئے وعدے، نئی خوشیاں ، نئی کامیابیاں۔ کوشش کرنا ہمارا کام ہے اور کامیابیاں عطا کرنا ہمارے رب کا، جو ستر ماں سے زیادہ ہم سے محبت کرتا ہے۔  یقین رکھیے وہ مایوس نہیں کرے گا۔ امیدیں انسان سے  نہیں اس کے خالق سے لگایئے کبھی نمراد نہ ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...