میرپور ماتھیلو(نامہ نگار ) میرپور ماتھیلو میں آٹے کا شدید بحران، سینکڑوں غریب مرد و خواتین رعائتی نرخ پر آٹا خریدنے کے لئے اسٹال پر جمع ، فلور ملز مالکان نے نرخ میں اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق میرپور ماتھیلو میں آٹے کا شدید بحران ہے،اور شہر میں آٹا ایک سو تیس روپے فی کلو دستیاب ہے ،سرکاری اسٹال پر 65 روپے فی کلو پر آٹا لینے کے لئے سیکڑوں غریب مرد و خواتین اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کے سامنے جمع ہو جاتے ہیں لیکن فلور ملز مالکان کی جانب سے آٹا وافر مقدار میں مہیا نہ کرنے کی وجہ سے آٹا خریدنے سے محروم رہتے ہیں، شہر میں آٹا ایک سو تیس روپے کلو دستیاب ہونے کی وجہ سے ہوٹل مالکان نے روٹی کی قیمت میں پانچ روپے اضافہ کردیا ہے جبکہ روٹی کا وزن بھی کم کردیا ہے ، شہریوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم اور آٹے کے ریٹ کم کئے جائیں تاکہ غریبوں کو سستا آٹا مل سکے ۔