تھیڑی سانسی سٹیشن والی سیم نالہ بند، بااثر افراد نے دکانیں اور گھر بنالئے

Jan 02, 2023


گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) بتایا گیا ہے کہ محکمہ انہار کی سرکاری اراضی تھیڑی سانسی سٹیشن والی کے سیم نالہ کو بااثر افراد نے بند کرکے اراضی پر گھر ، دکانیں اور واش روم تعمیر کرلئے     ،اسی طرح نہر اپر چناب کے کناروں پر اینٹوں ،ریت اور مٹی کی ٹرالیوں کے اسٹینڈ،نرسری فارم کیساتھ پھلوں کی ریڑھیوں ،چائے اور کھانوں کے کھوکھے چلانے والوں نے قبضہ جما رکھا ہے اسکے علاوہ گوالوں نے بھی نہر کے کناروں پر اپنی گائے اور بھینسیں باندھ کر بھانے بنالئے  جو بلا خوف خطر ان جانوروں کا گوبر نہر میں پھینکنے سے بھی گریز نہیں کرتے جس کے باعث نہر کا پانی مزید آلودہ ہوتا جارہا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل اسوقت کی اے سی صدر ساریہ حیدر نے چھچھر والی سے لیکر پپلی والہ تک غیر قانونی بچھائی جانیوالی سیوریج کی لائنوں کو اکھاڑ دیا تھا انکی ٹرانسفر کے فوری بعد با اثرافراد نے محکمہ انہار کے افسروں و عملے کی آشیر باد پر دوبارہ سیوریج لائنیں بچھا دیں اس طرح اب دوبارہ گندہ پانی نہر اپر چناب میں شامل ہو رہا ہے ادھر ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ محکمہ انہار کے ایس ڈی او انور یاسین سمیت دیگر ا فسروں نے خود کرایا ،ایس ڈی او اپنے کار خاص گیٹ کیپر عمران آصف کے ذریعے مبینہ طور پر ماہانہ منتھلیاں وصول کرتا ہے ، اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایس ڈی او انور یاسین کا کہنا تھا کہ تھیڑی سانسی اٹاوہ مائنر پر  قبضہ کرنیوالوں کو نوٹس بھجوادئے،  چھچھر والی سے لیکر پپلی والہ تک لوگوں نے دوبارہ سیوریج لائنیں بچھا دی ہیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں ۔ 

مزیدخبریں