حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) عوامی محاذ حافظ آباد کے اجلاس ضلعی صدر رانا خالد محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں شرکاء اجلاس نے ڈی پی او رائے مظہر اقبال کی جانب سے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ون ویلنگ ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کے واقعات کامکمل انسداد کئے جانے پر انکی کاوشوں اور اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ڈی پی او کی جانب سے ضلع بھر میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں اور اسکواڈ تشکیل دیئے جانے کے باعث کوئی بھی ناخوشگوارواقعہ پیش نہ آیا ۔اجلاس میں مزید کہا گیا کہ ڈی پی اورائے مظہر اقبال نے اپنی تعیناتی کے بعد ضلع بھر میں جس انداز میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا اور میرٹ پر تفتیشی نظام کو رائج کیا ہے اس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملنے لگا ہے بلکہ پولیس کا وقار بھی بلند ہوا اجلاس میں آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ حافظ آباد میں کم نفری کومدنظر رکھتے ہوئے دوسرے اضلاع کے تناسب سے کم ازکم دوہزار پولیس کانسٹیبلان کی نئی آسامیاں منظور کی جائیں ۔