ڈیوڈ وارنر کا ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان

Jan 02, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو بھی خیر باد کہہ دیا۔ڈیوڈ وارنر نے پیر کو سڈنی میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا میرا فیصلہ اچھا ہے۔ ٹی 20فارمیٹ میں ٹیم کیلئے دستیاب ہوں گا،البتہ انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم کو ضرورت پڑی تو 2025کی آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کیلئے بھی ٹیم کو دستیاب ہو سکتا ہوں۔آسٹریلوی کرکٹر نے حال ہی میں بھارت میں آئی سی سی ورلڈکپ کی جیت کو اپنے ون ڈے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان پہلے ہی کرچکے ہیں۔ وہ سڈنی میں 3جنوری کو پاکستان کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ڈیوڈ وارنر کے ون ڈے کیریئر پر نظر ڈالیں تو 2009میں جنوبی افریقہ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے وارنر نے 161ایک روزہ میچز میں 45.30کی اوسط سے 6932رنز بنائے جس میں 22سنچریاں بھی شامل ہیں۔ وارنر نے گزشتہ سال نومبر میں بھارت کے خلاف آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں آخری بار ون ڈے فارمیٹ میں آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ 

مزیدخبریں