لاہور(نامہ نگار) پنجاب ایمرجنسی سروس نے سال 2023کے دوران 21لاکھ 44 ہزار 5سو78 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کیاہے جبکہ سال 2023 میں سال 2022 کے مقابلے میں ایمرجنسیز کی تعداد میں 20.8 فیصد اضافہ ہواہے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے گزشتہ روز ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں سالانہ کارکردگی 2023 کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پرپراونشل مانیٹرنگ سیل نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی کہ سال 2023 میں پنجاب بھر میں 420387 روڈ ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جبکہ 2022 میں 369564 رپورٹ ہوئے تھے،سال 2023کے دوران 13.8 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح 2023 میں پنجاب کے تمام اضلاع میں 22 فیصد کمی کے ساتھ آتشزدگی کے 20665 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ 2022میں آتشزدگی کے 26477 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔ ریسکیو 1122 نے 2023 میں 25 فیصد اضافے کے ساتھ1176457 میڈیکل ایمرجنسیز کورسپانڈ کیاجبکہ سال 2022 میں میڈیکل ایمرجنسیزکی تعداد 940591 تھی۔مزید برآں سال 2023 کے دوران پنجاب ایمرجنسی سروس کو16.9 فیصد اضافے کے ساتھ 43302 کرائم ایمرجنسیزرپورٹ ہوئیں جن کی تعدادسال 2022 میں 37036 تھی۔اس کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی سروس نے ڈوبنے کے 1279 واقعات، 751عمارتوں کے انہدام، 12,238 جانوروں کو ریسکیو کرنے اور 180495 متفرق ایمرجنسیز پر بھی رسپانس کیا۔موٹر بائیک ریسکیو سروس نے سال 2023 میں پنجاب کے تمام اضلاع میں اوسطاً 4 منٹ کے رسپانس ٹائم کے ساتھ 632446 ایمرجنسیز میں لوگوں کو فوری ریسکیو سروسز فراہم کیں۔اس موقع پراجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ گزشتہ 19 سالوں کے دوران ریسکیو سروس جنوبی ایشیائی ممالک کیلئے ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کا ایک کامیاب ماڈل بن کر ابھری ہے۔