سرمایہ کاروں کو ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائیگا،فواد حسن فواد کی چینی کمپنیوں کے وفد سے گفتگو

Jan 02, 2024

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگراں وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد سے چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے وفد نے نجکاری ڈویڑن میں ملاقات کی۔  وفاقی وزیر نے چینی کمپنیوں کی دلچسپی کو سراہا اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔  انہوں نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری میں دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار نہیں لایا جا رہا ہے۔  ہنر مند اور غیر ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی، صنعت کے لیے بنیادی خام مال کی موجودگی کے ساتھ ساتھ تیزی سے بڑھتی ہوئی مقامی مارکیٹ کے پیش نظر پاکستان چین سے صنعت کی منتقلی کے لیے بہت موزوں ملک ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید اظہار کیا کہ قابل تجدید توانائی کے شعبے اور ای وی مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری چینی سرمایہ کاروں کے لیے اچھی دلچسپی کا باعث ہو سکتی ہے۔  وفاقی وزیر نے حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کی اور وفد کو بتایا کہ اے آئی ایف سی  کے تحت ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت کا انتظام حکومت کے مختلف سطحوں پر سرمایہ کاروں کی سہولت اور نفاذ کے مسائل کو تیزی سے حل کر رہا ہے۔  اجلاس میں سیکرٹری نجکاری ڈویڑن  جواد پال بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں