لاہور ہائیکورٹ کا خرم لطیف کھوسہ کو رہا ‘ایف آئی آر خارج کرنے کا حکم

Jan 02, 2024

لاہور(نوائے وقت رپورٹ ) لاہورہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف کھوسہ کے خلاف درج مقدمہ خارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے خرم لطیف کھوسہ کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا خرم لطیف کھوسہ کو ان کے آفس کے باہر سے گرفتار کیا گیا لہٰذا عدالت ان کو بازیاب کرکے رہا کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا  خرم لطیف کھوسہ کو عدالت پیش کیا جائے جس پر پولیس نے خرم لطیف کھوسہ کو ہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیش کیا۔ سرکاری وکیل نے بتایا  خرم لطیف کھوسہ کو پولیس اہلکار کی یونیفارم پھٹنے پر درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔عدالت نے کہا خرم لطیف کھوسہ کو ہتھکڑی کیوں لگا کر پیش کیا جس پر سرکاری وکیل نے بتایا قانون سب کے لیے برابر ہے۔عدالت نے ہتھکڑیاں کھولنے کا حکم دیا اوروکلا کے دلائل کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا۔بعدازاں عدالت نے درخواست کو منظورکرلیا اورخرم لطیف کھوسہ کے خلاف درج ایف آئی آرخارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے انھیں رہا کردیا۔

مزیدخبریں