سوات (نیٹ نیوز) سوات کے ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیع اللہ گنڈاپور نے ضلع بھر میں تمام پولیس افسروں کو اساتذہ کو سلیوٹ اور تعظیم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ڈی پی او سوات نے تمام پولیس افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا مہذب معاشرے میں استاد کا بہت اہم کردار ہوتا ہے اور کسی ملکی ترقی میں استاد کے کردار سے انکار ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں استاد کو باپ کا درجہ دیا گیا ہے اور جو شخص اپنے اساتذہ کا احترام نہیں کرتا وہ کبھی ترقی نہیں کر پاتا۔