غزہ کیلئے پاکستان سے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ

Jan 02, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) غزہ کیلئے پاکستان سے امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کردی گئی۔ امدادی کھیپ میں سرجیکل، طبی سامان،خشک کھانے کی اشیاء اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سے غزہ کیلئے 20 ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ پاک فضائیہ کی خصوصی پروازکے ذریعے روانہ کردی گئی۔ تیسری امدادی کھیپ تقریباً 20ٹن ضروری اشیاء پر مشتمل ہے ، جس میں سرجیکل، طبی سامان، خشک کھانے کی اشیاء اور بچوں کیلئے گفٹ بیگز شامل ہیں۔ خصوصی پرواز امدادی سامان لیکر مصر کے شہر العریش پہنچے گی اور مصر میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے ، امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کیلئے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔ نور خان ایئربیس پر امدادی سامان روانگی کی تقریب میں نگران وزیر خارجہ، پاکستان میں فلسطین کے سفیر، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔ نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے انسانی امداد اور جنگ بندی پر زور دیا اور کہا غزہ کیلئے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان مشکل کی گھڑی میں فلسطینی بھائی بہنوں کیساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی، اسلامی ممالک و مشرق وسطیٰ و چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کے امداد کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور آرمی چیف کی خصوصی عدایات پر امداد کا تیسرا جہاز مصر روانہ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہر ممکن کوشش ہے کہ اہل غزہ پر ظلم و ستم فوری بلند کیا جائے اور ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو۔

مزیدخبریں