لاہور+اسلام آباد+ کراچی (خبر نگار+ وقائع نگار+ نوائے و قت رپورٹ ) 8 فروری کو ہونے والے قومی انتخابات کا تیسرا اہم مرحلہ آج سے شروع ہوگیا۔ پورے ملک میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف امیدواروں کی طرف سے اپیلیں دائر کی گئیں ۔ نواز شریف کی این اے 130 سے کاغذات کی منظوری کیخلاف الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر، اپیل میں پاکستان عوامی محاذ کے سربراہ اشتیاق چودھری نے موقف اپنایا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے تاحیات نااہل قراردیا، نوازشریف الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ،ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس نوازشریف کے کاغذات منظور کئے،میرے اعتراضات کو نہیں سنا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اپیلیں آج یکم جنوری سے 3 جنوری یعنی بدھ تک دائر کی جاسکیں گی۔ ہائی کورٹس میں امیدواروں کی اپیلوں کی وصولی کے لئے خصوصی سیل بنا دیا گیا ہے۔ عمران خان کے فوکل پرسن برائے قانونی امور اور پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری عمیر خان نیازی نے استدعا کی ہے کہ میرے کاغذات سیاسی انتقام میں این اے 89 اور 90 سے مسترد کئے گئے،الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔این اے 236 سے فردوس شمیم نقوی نے الیکشن ٹربیونل میں اپیلیں دائر کردیں۔صوبائی حلقہ پی پی 290 ڈی جی خان سے محی الدین کھوسہ، زرتاج گل نے این اے 185 ڈی جی خان سے کاغذات مسترد کیے جانے پر اپیلیں دائر کردیں۔ شعیب شاہین نے اسلام آباد کے تین قومی اسمبلی کے حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف اپیل دائر کردی۔ خیبر پی کے سے این اے 23 مردان سے علی محمد خان ، این اے 21 مردان سے مجاہد خان، پی کے57 ظاہر شاہ طورو ،پی کے 58 عبدالسلام آفریدی، پی کے 60 افتخار مشوانی، پی کے56 امیر فرزند خان، آفتاب عالم این اے 35 کوہاٹ، یوسف خان این اے 31 ہنگو ، ابو تراب ہنگو سے اپیک داخل کرائیںہیں۔ پی پی 169 سے میاں محمودالرشید، این اے 131قصور بیرسٹر شاہد مسعود نے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیل دائر کر دیں۔صوبہ پنجاب میں ڈسکہ سے محمد افضل منشاء کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل دائر، کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف پی پی 176 سے مسز مزمل مسعود بھٹی، این اے 131قصور سے بیرسٹر شاہد مسعود، پی پی 169 سے میاں محمودالرشید نے اپیلیں دائر کیں۔سندھ ہائیکورٹ میں بھی ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف فردوس شمیم نقوی اور آزاد امیدوار مظہر علی جونیجو کی جانب سے اپیل دائر کی گئی۔ این اے247 پر خرم شیر زمان،این اے230 اور231 سے ڈاکٹر مسرور خیال، این اے244سے آفتاب جہانگیر ،این اے 245،246 سے ڈاکٹر سعید آفریدی،این اے 245 میں عطا اللہ ایڈووکیٹ نے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں دائر کر دیں۔
تیسرا مرحلہ: این اے 130سے نواز شریف کے کاغذات چیلنج، مسترد امیدواروں کی اپیلیں
Jan 02, 2024