کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں سال 2024ء کا آغاز مثبت انداز میں ہوا۔ کاروبارکے پہلے روز 86.31فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ مارکیٹ سرمائے میں2کھرب 80ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرمائے کا مجموعی حجم 93کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 2210.74 پوائنٹس بڑھ کر 64661.78پوائنٹس ہوگیا۔ اسی طرح 839.59 پوائنٹس کی تیزی سے کے ایس ای 30انڈیکس 21616.13 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 1308.46پوائنٹس بڑھ کر 43224.73 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 4412.72 پوائنٹس کی تیزی سے 109141.50 پوائنٹس پر بند ہوا۔ پیر کو ایک تولہ سونے کے بھاؤ میں300 روپے کی کمی ہوگئی جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 19ہزار 700روپے ہو گئی۔ جبکہ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کے دام2680روپے پر برقرار رہے۔ دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 13پیسے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد ڈالر کی قدر 282.58پوائنٹس سے کم ہو کر 282.45 روپے پر آ گئی جبکہ 28پیسے کی کمی سے یورو کی قدر 309.62 روپے سے گھٹ کر 309.34 روپے ہو گئی تاہم2پیسے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قدر357.59 سے بڑھ کر 357.61روپے پر جا پہنچی۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت 74.84روپے اور یو اے ای درہم 76.70روپے رہی۔
نئے سال کا پہلا دن، سٹاک مارکیٹ 2210پوائنٹس بڑھ گئی، سو نا، ڈالر سستے
Jan 02, 2024