کھلاڑی نے ملک سے کھلواڑ کیا، عوام کو مہنگائی میں جھونک دیا: حمزہ شہباز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ الیکشن میں ملک کی تقدیرکا فیصلہ ہونا ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ غریب بجلی گیس کا بل جمع کرائے یا بچوں کی فیسیں دیں؟ بانی پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، کسی کو ایک گھر نہیں ملا بلکہ غریبوں کے گھروں کو گرایا گیا، دنیا سے قرض مانگنا کوئی عزت والا کام نہیں، جنوبی ایشیا میں پہلی موٹروے نواز شریف نے بنائی۔ اگر بانی پی ٹی آئی کو نہ نکالا جاتا تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، شہباز شریف نے کہا تھا سیاست تو ہوتی رہتی ہے مگر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچائیں گے۔ مخالفین نواز شریف، شہباز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہ کر سکے، صاف چلی، شفاف چلی کا نعرہ لگانے والوں نے توشہ خانہ کے تحائف بھی بیچ دیئے، 8 فروری کو مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔ ایک کھلاڑی نے ملک سے کھلواڑ کیا اور عوام کو مہنگائی میں جھونک دیا، مسلم لیگ (ن) ملک کو قائد کا خوشحال پاکستان بنائے گی۔

ای پیپر دی نیشن