لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے سال بدل جاتے ہیں لیکن فرسودہ نظام قائم ہے، قوم کے پاس بہترین موقع ہے کہ نئے سال میں ہونے والے جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لے کر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کرائے اور اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھے۔ لوئر دیر کی تحصیل میدان میں اپنے انتخابی حلقہ 6 میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن سے متعلق غیر یقینی پھیلانے والے اور ان کے التوا کی باتیں کرنے والے سپریم کورٹ کے واضح احکامات اور جمہوریت کی نفی کررہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ نیا سال ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب کا سال ثابت ہو اور پاکستانیوں سمیت پوری امت کو کامیابی اور کامرانی ملے۔ انہوں نے فلسطینیوں کی فتح، کشمیریوں سمیت مظلوم مسلمانوں کے آزادی کے لئے بھی دعا کی۔ امیر جماعت نے اپیل کی کہ عوام 8 فروری کو ترازو پر اعتماد کرکے اسلامی خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی آئے گی تو سودی معیشت کا خاتمہ کر کے زکوٰۃ اور عشر کی بنیادوں پر قومی معیشت میں بہتری لائے گی۔ عدالتوں میں قرآن کا نظام لائیں گے، نوجوانوں کو روز گار ملے گا۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں گے۔ قومی وسائل کو عوام پر خرچ کیا جائے گا۔