سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں جاری فوجی آپریشن میں 2023کے دوران چار خواتین اور چار کمسن لڑکوں سمیت 120بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔ ان میں سے 41کو جعلی مقابلوں اور دوران حراست شہید کیاگیا۔ بھارتی فوج ،پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں شہادتوں کے نتیجے میں 18خواتین بیوہ اور 58بچے یتیم ہو گئے جبکہ اس دوران بھارتی فورسز نے 7خواتین کی بے حرمتی کی۔ بھارتی فورسز نے علاقے میں 13رہائشی مکانات اور عمارات کو تباہ کر دیا۔ طاقت کے وحشیانہ استعمال اور تشدد سے کم از کم 107 افراد زخمی ہوئے جبکہ ، کمسن لڑکوں اور خواتین سمیت 3610افرادکوگرفتار کیاہے۔ء2023کے دوران کم از کم 14کشمیری سرکاری ملازمین کو بی جے پی حکومت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی حمایت کرنے پر ملازمت سے معطل یا برطرف کردیا ہے جبکہ کم از کم 72 جائیدادیں جن میں زرعی اراضی، مکان اور دکانیں شامل ہیں۔بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں سال 2023ء کے دوران 4 کشمیری حریت پسند جماعتوں پر پابندی لگا دی۔ ان جماعتوں میں تحریک حریت جموں و کشمیر اور جموں کشمیر مسلم لیگ، دختر ان ملت اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی شامل ہے۔ دوسری جانب اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ و سینئر حریت پسند رہنما عبدالصمد انقلابی نے تحریک حریت جموں و کشمیر اور جموں کشمیر مسلم لیگ پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے اس طرح کے بھارتی ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک نہیں دبے گی۔ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ بی جے پی حکومت آزادی پسند تنظیموں پر پابندی سے اپنے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گی۔