غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے،ترجمان آرڈی اے

Jan 02, 2024

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انورجپہ کی سر براہی میں عوام ، سرمایہ کاروں اور اوورسیز پاکستانیوں کوپلاٹوں اور سرمایہ کاری کے نام پر لوٹنے والی غیر قانونی  ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن جاری ہیں اور غیر قانونی سوسائٹی انتظامیہ کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پر عزم  ہے۔ ترجمان آرڈی اے نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی خصوصی ہدایات پر ڈی جی آرڈی اے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی غیر قانونی  ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ کی خصوصی ہدایات پر غیر قانونی  ہائوسنگ سوسائٹیز کے فراڈ اور شہریوں سے لوٹ مار روکنے کے لیے غیر قانونی  ہائوسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور اسلحہ کے زور پر لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ آرڈی اے نے عوام کو مطلع کیا ہے کہ وہ ان غیر قانونی ہائوسنگ سوسائیٹیز میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں اورسرمایہ کاری کرنے سے پہلے آرڈی اے ویب سائٹ www.rda.gop.pk  پر چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی  ہاسنگ سوسائیٹیز کے خلاف نہ صرف آپریشن کیے گئے ہیں بلکہ ان کے دفاتر مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ سائبر کرائم ونگ میں درخواستیں اور ایف آئی آربھی درج ہو چکی ہیں۔ غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیزانتظامیہ کو 548 لیگل نوٹس بھیجے گئے ہیں،  218کو چالان کیے گئے ہیں، 212سے زائد کے خلاف FIRs درج ہو چکی ہیں، 183سے زائد دفاتر سربمہر کیے گئے ہیں، 195گیٹ مسمار کیے گئے ہیں اور 129درخواستیں قانونی کاروائی کیلئے سائبر کرائم ونگ کو بھیجی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیزانتظامیہ کے 9 ملزمان زیر حراست ہیں، 28 ہاسنگ سوسائٹیز مالکان کی ضمانتیں ضبط ہوچکی ہیں، سیشن کورٹ میں 72 مقدمات زیر سماعت ہیں اور اس طرح 24 مقدمات ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہیں ۔

مزیدخبریں