اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر عاطف اکرام شیخ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بطور نومنتخب صدر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ اس سلسلے میں فیڈریشن میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں یو بی جی کے سرپرسرت اعلی ایس ایم تنویر، صدر زبیر طفیل، سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور ایف پی سی سی آئی کے سبکدوش ہونے والے صدر عرفان اقبال شیخ نے ان کو فیڈریشن کی صدارت کی کرسی پر بٹھایا ، مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاوری نے عاطف اکرام شیخ کو ایف پی سی سی آئی کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے فیڈریشن کے الیکشن میں عاطف اکرام شیخ اور یو بی جی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ عاطف اکرام شیخ بزنس کمیونٹی کی بہتری اور معیشت کی بحالی کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔یو بی جی کے سرپرست اعلی ایس ایم تنویر نے کہا کہ فیڈریشن کے الیکشن میں یو بی جی کی کامیابی ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی یقینا ان کیلئے نہ صرف ایک تاریخ ساز لمحہ ہے بلکہ بزنس کمیونٹی کی بہتری کیلئے ان کے سفر کا پہلا قدم ہے۔
عاطف اکرام شیخ کو صدر ایف پی سی سی آئی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے، احسن بختاوری
Jan 02, 2024