8 فروری کو بھی انتخابات نہیں ہوسکیں گے: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن میں جانا چاہتے ہیں لیکن ماحول بھی ہونا چاہیے، ایسے حالات میں ہم نہیں سمجھتے کہ8 فروری کو بھی الیکشن ہو سکیں گے، اگر الیکشن چند دن مؤخر ہو بھی جائیں تو کوئی حرج نہیں ۔ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صرف پاکستان تحریک انصاف کے کاغذات نامزدگی ہی مسترد نہیں ہو رہے، اختر مینگل کے بھی ہوئے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے اپنے اوپر ہونے والے حملے سے متعلق بتایا کہ میں گھر پر تھا، واقعے میں گاڑیوں کو گولیاں لگی ہیں۔ فائرنگ کا واقعہ امن و امان سے متعلق سوال اٹھا رہا ہے۔ ہم نہیں سمجھتے ایسے حالات میں الیکشن ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن میں جانا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے ماحول بھی ہونا چاہیے۔ ان حالات میں ہم کیسے الیکشن مہم چلا سکتے ہیں اگر حالات بتا رہے ہیں  تو الیکشن چند دن مؤخر ہو بھی جائیں تو کوئی حرج نہیں۔انہوں نے کہ الیکشن کا شیڈول آ گیا اس لیے مصروفیت آ گئی ہیں، اگلے ہفتے امکان ہے کہ افغانستان جاؤں کیوں کہ افغانستان کا استحکام پاکستان اور پاکستان کا استحکام افغانستان کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی لوڈشیڈنگ ختم کی اب دوبارہ بجلی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ضرورت کی بنیاد پر ہو گی، ابھی ایسی کوئی صورت حال زیر غور نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن