پلے بوائے کیلئے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ برقرار رکھا جا رہا ہے

Jan 02, 2024 | 14:32

مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ 2011ء میں جو مجسمہ بنایا گیا آج بھی اس کی حفاظت ہورہی ہے، پلے بوائے کے لیے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ برقرار رکھا جا رہا ہے، چکوال کی ایک شخصیت نے مجھ پر بھی بہت تشدد کروایا تھا، میں نے تو آج تک چکوال کی اس شخصیت کا نام نہیں لیا، مجھے اندیشہ ہے چکوال کا شخص غیر یقینی صورتحال میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی، سیاسی اور خارجہ سطح پر غیر یقینی کی صورتحال ہے، پالیسیاں بنانے والے اپنی غلطی کا اعتراف نہیں کر رہے، سوشل میڈیا پر بیانیہ بنانے والوں پر کروڑوں روپے خرچ کردیئے گئے، 9 اور 10 مئی کا حملہ اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے، کوئی تحقیق کرتا تو پتا چل جاتا 9 اور 10 مئی کے تانے بانے کن ممالک سے ملتے ہیں، کیا ملک کی مسلح افواج کو ڈرایا دھمکایا جا سکتا ہے، سات آٹھ ماہ گزر گئے، مٹی ڈالو پروگرام اب نہیں چل سکتا جاوید لطیف نے کہا کہ میرے اور دوسرے لوگوں کے خلاف خبریں خیبرپختونخوا کا سوشل میڈیا ونگ چلا رہا ہے، کہا جاتا ہے 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ آج بھی سب سے مقبول لیڈر ہے، دنیا میں کسی بھی سیاستدان کو تاحیات نا اہل نہیں کیا جاتا، پلے بوائے کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا گیا، جو بندہ اپنی سزا پوری کر چکا ہے اُسے تاحیات نااہل کیسے کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابی نشان کے معاملے پر آج تو بہت شور مچایا جاتا ہے، ہمارے لیے تو کوئی نہیں بولا تھا، بری ہونے والے کے سر پر نااہلی کی تلوار لٹکائی جا رہی ہے، دوسروں کے لیے گڈ ٹو سی یو اور نواز شریف کے کاغذات چیلنج کر دیئے جاتے ہیں، 2017 کے منصوبہ سازوں کو کوئی پوچھنے والا ہی نہیں، 2018ء میں ظلم کا سورج سوا نیزے پر تھا، کیا ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف نے دفاعی اداروں پر حملہ کیا تھا۔

مزیدخبریں