گڈو تھرمل پاورپلانٹ کے سوئچ یارڈ میں فنی خرابی کو دور نہ کیا جاسکا۔ذرائع کے مطابق 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود پاور پلانٹ کے سوئچ یارڈ کے بریکر کی مرمت نہ ہوسکی۔پاور ہاؤس ذرائع کا کہنا ہےکہ نیا بریکر خریدنے میں تقریباً 15 روز لگ سکتے ہیں جب کہ متبادل ہائی ٹرانسمیشن لائن بھی شدید دھند کے باعث ٹرپ کرگئی ہے جس کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی 5 گھنٹے سے معطل ہے۔حکام کا کہنا ہےکہ دھوپ نکلنے تک بجلی کی بحالی مشکل ہے۔دوسری جانب سکھرڈویژن میں شدید سردی اور دھند کا راج ہے جس وجہ سے مختلف اضلاع میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔دھند کے باعث سیپکو کے مختلف 250 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، متاثرہ اضلاع میں سکھر، شکارپور، لاڑکانہ،گھوٹکی اور دیگراضلاع شامل ہیں۔ سیپکو حکام کا کہنا ہے کہ دھوپ نکلنے اور دھندچھٹنےکے بعد ٹرپ فیڈرز کی بحالی کا کام شروع ہوگا۔