مسلم لیگ نون نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو ہم اب فرینڈلی اپوزیشن کا نہیں بلکہ ڈیڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

یہ باتیں کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان احسن اقبال اوراقبال ظفرجھگڑا نے کیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ صرف مسلم لیگ نون ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جہازوں کے ذریعے وکلاء پر نوٹ برسا کرعدالتوں کا مذاق اڑارہے ہیں، مخالفین کودھمکیاں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے حکومتی کرپشن اور سوئس اکاؤنٹس کیسز اوپن کئے ہیں جس کی وجہ سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ اس موقع پر اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ کے اندر کوئی اختلافات نہیں بلکہ تحفظات تھے جنہیں دور کردیا گیا ہے۔ بلوچستان کیلئے سات رکنی آرگنائزنگ کمیٹی بھی بنا دی ہے۔ جس کے چیف آرگنائزر خدائے نورہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ صرف پنجاب کی نہیں بلکہ چاروں صوبوں کے عوام کی جماعت ہے۔

ای پیپر دی نیشن