امریکہ سے شمسی ائر بیس واپس لینے کی باتیں صرف بیانات ہیں‘ عملی پیشرفت نہیں ہوئی : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

Jul 02, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (سٹاف رپورٹر+ ریڈیو نیوز + اے این این) وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امریکہ سے شمسی ائربیس واپس لینے کی باتیں ابھی صرف بیانات ہیں عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔ آزاد کشمیر میں انتخابات کے بعد دھاندلی کے الزامات لگانے والے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وہ اپنی شکست کو تسلیم کریں اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے اگلے انتخابات کا انتظار کریں۔ سیاسی اداکاروں کے دکانداری چمکانے سے عوام کا نقصان ہو رہا ہے۔ تصادم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کو روکنے کےلئے سانحہ 2 مئی کا جوڈیشل کمیشن جو بھی ترجیحات دےگا حکومت مکمل عملدرآمد کرےگی۔ دو تہائی اکثریت والے کچھ نہ کر سکے۔ پیپلزپارٹی نے 73ءکا آئین بحال اور صوبوں کو خود مختاری دی۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی نے مڈٹرم انتخابات کی خواہش رکھنے والوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ایم کیو ایم کے گورنر اور وزرا ءکے استعفوںکی منظور ی اور آئندہ کی پالیسی کا اعلان صدر زرداری کریںگے۔ ایم کیو ایم کو حق ہے کہ وہ حکومت میں رہے یا اپوزیشن میں تاہم امید ہے کہ جلد غلط فہمیاں دور ہوجائیںگی۔ ہم تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں لیکن کسی کو زبردستی ساتھ نہیں رکھا جاسکتا۔ جمہوریت کا تقاضا ہے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اپنی شکست تسلیم کر لے۔ شریف برادران جب خود کو بھارتی جاتی عمرہ کا حصہ ہی سمجھیںگے اور تمام وسائل رائےونڈ روڈ پر خرچ کر دیںگے تو پھر سرائیکی صوبے کی بات بھی ہوگی۔ صوبوں کو منتقل ہونے والی وزارتوں کے تمام اثاثے بھی منتقل کئے جا رہے ہیں۔ کسی صوبے کو اعتراض ہے تو وہ وزیراعظم سے درخواست کرے۔ پاور کمپنیو ں کو گیس کی سپلائی کا معاہدہ ختم کیا جا رہا ہے اور اسی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ سی این جی سٹیشنز کی بند ش کے حوالے سے پنجاب کے ساتھ بیوروکریسی نے کوئی ڈرامہ کیا تو میں پنجاب کے حقوق کےلئے عوام کے ساتھ کھڑی ہوںگی۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی اداکارکہتے ہیں 18 ویں ترمیم کا عوام کو کیا فائدہ ہے تو میں ان کو بتانا چاہتی ہوں صوبوں کو اختیارات کی منتقلی سے یقیناً عوام کو ہی فائدہ حاصل ہوگا۔ وہ قوتیں جو ملک میں مڈٹرم انتخابات کی خواہش رکھتی تھیں آزاد کشمیر کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بھر پور کامیابی نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جھرلو اور دھاندلا ضرور ہوا اور پولیس کی یونیفارم میں ریاستی دہشت گردی کی گئی اور مسلم لیگ (ن) کے لوگوں نے پولنگ سٹیشنوں پر قبضہ کرلیا۔ انکاکہنا تھا میرے علم میں امریکہ کو ایئر بیس خالی کرنے یا امریکی انکار کے متعلق کوئی باقاعدہ معلومات نہیں ہیں۔ اے این این کے مطابق انہوں نے کہا کہ امریکہ سے شمسی ائر بیس لینے کی باتیں ابھی صرف بیانات ہیں عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اے پی پی کے مطابق انہوں نے لاہور پریس کلب کیلئے 10 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔
فردوس عاشق
مزیدخبریں