اسلام آباد (ریڈیو نیوز+ وقت نیوز+ ثنا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد نے کہا کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو ہر حلقے میں 15بار پھانسی دیکر دفن کیا جائے پھر قبر سے نکال کر پھانسی دی جائے، ان پر چوری اور ڈکیتی کے مقدمات بناکر ڈاکوﺅں اور عادی مجرموں کی بیرک میں رکھا جائے۔ ایم کیو ایم کے ساتھ بھی سنگین ترین زیادتی ہوئی، مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا گیا، منموہن کے بیان پر پاکستان کا احتجاج نہ کرنا قابل مذمت ہے۔ او آئی سی اجلاس سے واپسی پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق احمد نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 3بار آزاد کشمیر کے عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا۔ چوتھی بار خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ پی پی نے شملہ معاہدے کے بعد اب دوسری بار کشمیریوں کی پشت میں چھرا گھونپا۔ پیپلزپارٹی کا رویہ مفاہمانہ نہیں دوسرے کی گردن پر پیر اور سینے میں بندوق رکھ کر مفاہمت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی دونوں انتخابات میں ریاست اور پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے خفیہ مشن پر کاربند تھیں۔ ان کا مشن قائداعظمؒ کی کشمیر پالیسی کے منافی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کرکے مقبوضہ کشمیر میں غلط پیغام دیا گیا۔ تحقیقات کیلئے عدالتی کمشن قائم کیا جائے، سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں انتخابی عمل کو مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم آزاد کشمیر