گیلانی سے ملاقات، علی حیدر سمیت لاپتہ افراد کیلئے پالیسی بنائی جائے: فضل الرحمن

ملتان (نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا متوازن خارجہ پالیسی بنانا ہوگی جس کا محور پاکستان ہو۔ ہمیں ملک کے داخلی امن کی طرف بڑھنا ہوگا۔ ملک میں ایسے حالات بنانا ہوں گے کہ عام آدمی کو امن دے سکیں۔ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کیلئے ہم سے جو ہوسکا کریں گے۔ یوسف رضا گیلانی ہمارے بھائی اور علی حیدر گیلانی ہمارے بیٹے ہیں۔ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے جس حد تک تعاون کر سکے کریں گے۔ دہشت گردی کے معاملے پر وفاق کی سطح پر جامع پالیسی بنائی جائے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا بیٹے کی بازیابی کیلئے کسی نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا۔ بیٹے کے اغوا کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ بیٹے کی بازیابی کیلئے سکیورٹی ادارے رابطے میں ہیں۔ فضل الرحمان کے ساتھ 5 سال کام کیا انہوں نے آئینی ترامیم میں بھرپور حصہ لیا۔اے پی پی کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا میں یوسف رضاگیلانی کے ساتھ اظہاریکجہتی کےلئے یہاں آیا ہوں ۔ ہم علی حیدرگیلانی کی بازیابی کےلئے ہرفورم پر آوازاٹھائیں گے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں اورایجنسیوں کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہیں اور صرف علی حیدرگیلانی ہی نہیں جتنے بھی لوگ اغواءہیں یا عقوبت خانوں میں ہیں ان کی بازیابی یقینی بنائی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا دہشت گردی کے خاتمے کےلئے خارجہ پالیسی کی واضح سمت متعین کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا طالبان نے ولی الرحمن کی شہادت کے بعد مذاکرات سے انکارکردیا ۔دہشت گردی کے واقعات پر پاکستان کوتشویش ہے لیکن مسئلہ یہ ہے اس مسئلے کے حل کےلئے عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔قومی جرگے اور آل پارٹیز کانفرنس کی سفارشات پر عمل نہیں ہوا۔ایسے میں بھلا امن کیسے قائم ہو۔انہوں نے کہا دہشت گردی کو سٹریٹ کرائم کی طرح ڈیل نہ کیا جائے ۔ہمیں اس مسئلے کے حل کےلئے اپنی خارجہ پالیسی کو صحیح سمت دینا ہوگی اور درست اقدامات کرنا ہونگے۔ آئی این پی کے مطابق پیپلز پارٹی اورجمعیت علماءاسلام (ف) نے دہشت گردی کے معاملے پر وفاقی سطح پر جامع اور متوازن پالیسی بنانے پر اتفاق کیا ہے، یوسف رضاءگیلانی اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سمیت دیگر امو رپر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے مولانا فضل الرحمن سے درخواست کی وہ علی حیدر گیلانی جو مبینہ طو رپر شمالی وزیرستان میں طالبان کے گروپ کے قبضے میں ہے کی رہائی کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں جس پر مولانا فضل الرحمن نے انہیں یقین دلایا وہ اس ضمن میں ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی عمل میں لائی جا سکے۔ دونوں رہنماﺅں نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے حکومت فوری طور پر جامع اور متوازن پالیسی بنائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ان وجوہات کو ختم کرنا ہو گا جو دہشتگردی کے فروغ کا باعث بن رہی ہیں۔ این این آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا علی حیدر گیلانی سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے جامع پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔اے پی اے کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا وفاق اور چاروں صوبوں کو مل کر دہشت گردی کے خلاف جامع پالیسی بنانے کی ضرورت ہے جہاں 3 دہائیوں سے خون بہہ رہا ہو وہاں ریاست کی رٹ ختم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا ساری چیزیں صوبوں پر نہیں چھوڑنا چاہئے بلکہ دہشت گردی کے خلاف وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر اس حوالے سے جامع پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...